ملتان سلطانز نے پی ایس ایل 6 کیلئے محمد رضوان کو کپتان مقرر کر دیا

محمد رضوان اس وقت قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان بھی ہیں

37

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو پی ایس ایل 6 کے لیے کپتان مقرر کردیا ہے۔ 28 سالہ محمد رضوان اس وقت اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں اور انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا ، وہ اس وقت پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان بھی ہیں۔

 

 

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کی آن لائن ٹکٹوں کی فروخت آج سے متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹکٹ شام کو ای ٹکٹنگ پلیٹ فارم Bookme.pk پر براہ راست جائیں گے جہاں پہلے شائقین نے بنیادی معلومات (نام ، ای میل ایڈریس اور رابطہ نمبر) فراہم کرکے اپنا اندراج کرایا تھا۔

 

 

دریں اثناء پی ایس ایل 6 کے لیے ٹکٹوں کی قیمت 500 سے 5000 روپے تک رکھی جائے گی جب کہ ابتدائی دن کے لئے ٹکٹ مہنگے پڑسکتے ہیں۔

 

 

شائقین ایک شناخطی کارڈ پر صرف ایک ہی ٹکٹ خرید سکتے ہیں جب کہ 18 سال سے کم عمر بچوں کو اپنے بے فارم نمبر کے ساتھ اندراج کرنا ہوگا۔ نیشنل سٹیڈیم میں 14 انکلوژرز کھولے جائیں گے تاکہ ہر میچ میں 7500 شائقین کی گنجائش پوری کی جاسکے ،ان 14 میں سے دو انکلوژرز صرف فیملیز کے لئے ہوں گے۔ ہر ٹکٹ ہولڈر کو سیٹ نمبر دیئے جائیں گے اور فیملیز / شائقین کے مابین تین نشستوں کا وقفہ لازمی ہوگا۔

 

 

کھانے کے سٹال انکلوژرز کے باہر لگائے جائیں گے۔ یاد رہے کہ این سی او سی نے پی سی بی کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم اور لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 20 فیصد تماشائیوں کو آنے کی اجازت دی تھی۔

 

 

ہر میچ کے دن نیشنل سٹیڈیم کے اندر تقریبا 7500 شائقین کو رسائی کی اجازت ہوگی جب کہ قذافی سٹیڈیم میں 5500 کے قریب تماشائی شرکت کرسکیں گے۔

 

پی ایس ایل 6 کا آغاز پہلے سے ریکارڈ شدہ افتتاحی تقریب سے ہوگا جس کے بعد دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے میچ میں آمنے سامنے ہوں گے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.