آٹا، چینی، چاول، دالیں، گھی اور کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیائے خورد و نوش مزید مہنگی ہوگئیں

رواں ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.81 فی صد اضافہ ، 20 کلو آٹے کا تھیلا 24 روپے مہنگا ہوا جب کہ چینی کی قیمت 3 روپے 37 پیسے فی کلو بڑھ گئی ، ادارہ شماریات نے رپورٹ جاری کردی

98

ملک میں آٹا، چینی، چاول، دالیں، گھی ، کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیائے خورد و نوش مزید مہنگی ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.81 فی صد اضافہ ہوا ،

 

 

جس کے باعث چینی، آٹا، چکن، انڈے، چاول، دالیں، گھی، کوکنگ آئل اور لال مرچ سمیت کھانے پینے کی 24 اشیاء مزید مہنگی ہوگئیں ، ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 24 روپے مہنگا ہوا جب کہ چینی کی قیمت 3 روپے 37 پیسے فی کلو بڑھ گئی جس کے بعد چینی کی فی کلو قیمت 90 روپے 22 پیسے سے بڑھ کر 93 روپے 59 پیسے ہو گئی ، اس کے علاوہ گھی کی فی کلو قیمت بھی ساڑھے 3 روپے اضافے کے بعد 291 روپے 65 پیسے تک پہنچ گئی۔

 

 

رپورٹ کے مطابق ملک میں چکن کی فی کلو قیمت میں اوسط 11 روپے 47 پیسے اضافہ ہوا ، جس کے بعد چکن کی فی کلو قیمت 225 روپے تک پہنچ گئی جب کہ انڈے کی اوسط فی درجن قیمت میں 6 روپے 80 پیسے اضافہ ہوا ، دال چنا 2 روپے ، دال ماش ڈیڑھ روپے ، دال مونگ ایک روپے مہنگی ہوئی ، اس کے علاوہ چاول ، دال مسور، مٹن، خشک دودھ اور نہانے کے صابن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، اس کے ساتھ ساتھ 200 گرام سرخ مرچ میں 6 روپے 53 پیسے کا اضافہ ہوا اور قیمت 366 روپے 59 پیسے ہو گئی۔

 

 

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران دودھ، دہی اور نمک سمیت 21 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں جب کہ 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ، جن میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 7 روپے 50 پیسے کمی ہوئی اور ٹماٹر کی فی کلو قیمت اوسط فی 32 روپے 75 پیسے فی کلو ہوگیا جب کہ آلو کی اوسط فی کلو قیمت بھی ایک روپے 47 پیسے کمی کے بعد 37 روپے 48 پیسے ہوگئی اور پیاز 38 روپے 19 پیسے اوسط فی کلو ہو گیا اس کے علاوہ لہسن 2 روپے 70 پیسے سستا ہوا جب کہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر میں 34 روپے 20 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی۔

 

 

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.