پی ایس ایل 6، لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی کو نائب کپتان مقرر کردیا

سہیل اختر اس وقت لاہور قلندرز کے کپتان ہیں

38

لاہور ( Its Urdu News ) پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز نے رواں سیزن کے لیے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم کا نائب کپتان مقرر کردیا ہے ۔

 

 

20 سالہ شاہین آفریدی 2017ء سے لاہور قلندرز کی ٹیم کا حصہ ہیں اور گزشتہ سال ٹیم کو فائنل میں پہنچانے میں بھی ان کا اہم کردار تھا۔مڈل آرڈر بلے باز سہیل اختر اس وقت لاہور قلندرز کی کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

 

 

یاد رہے کہ گزشتہ روز ملتان سلطانز نے بھی محمد رضوان کو رواں سال کے لیے ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کی ٹکٹس کی فروخت تاخیر کا شکار ہوگئی۔ شیڈول کے مطابق گزشتہ شام سے ٹکٹ کی فروخت ہونا تھی تاہم کورونا ایس او پیز کے باعث پی ایس ایل ٹکٹس کی فروخت مزید تاخیر کا شکار ہوگئی، ویب سائٹ پر ٹکٹوں کی فروخت شروع نہ ہونے پر شائقین پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔

 

 

 

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 6 کے لیے این سی او سی اور پی سی بی کے مابین فیملی انکلوژر پر ایس او پیز معاملات طے نہیں پاسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت کی تیاریاں مکمل ہیں، صرف این سی او سی کی جانب سے گرین سگنل ملنے کا انتظار ہے۔ دوسری جانب پی سی بی نے ٹکٹس کی فروخت سے متعلق این سی او سی کو خط لکھ کر فیملیز کے لیے کورونا پروٹوکولز سے متعلق رائے طلب کی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پی ایس ایل 6 آن لائن ٹکٹوں کی فروخت آج سے متوقع

 

 

پی سی بی نے خط میں کہا کہ کیا ایک فیملی کے لیے سماجی فاصلے ضروری ہیں؟ کتنی عمر تک کے بچوں کو سٹیڈیم میں آنے کی اجازت ہوگی؟ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سٹیڈیم میں فیملیز کے لیے الگ انکلوژرز مخصوص ہوں گے، فیملیز پروٹوکولز کی وجہ سے ٹکٹس کی فروخت تاخیر کا شکار ہے، این سی او سی سے ہدایت ملنے کے بعد ٹکٹس کی آن لائن فروخت شروع ہوگی۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل کا رنگا رنگ میلہ 20 فروری سےشروع ہورہا ہے، دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ‏ایٹرز افتتاحی میچ میں آمنے سامنے ہونگے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.